نئی دہلی ،7ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)برازیل اوپن میں پہلا گراں پری ٹائٹل جیت کر حوصلہ افزاء ہندوستان کی مخلوط ڈبلز جوڑی این سکی ریڈی اور پرنب جیری چوپڑا کی نظریں اب 2018دولت مشترکہ کھیلوں میں تمغے جیتنے پر ہیں۔عالمی درجہ بندی میں 65ویں مقام پر قابض پرنب اور سکی نے کینیڈا کے دوسری سیڈ ٹوبی ایگ اورریچیل ہوڈیرچ کو 21.15، 21.16سے شکست دی۔سکی نے کہا کہ میں بیان نہیں کر سکتی،میں بہت خوش ہوں،اس خطاب سے میرا اعتماد بڑھے گا اور مجھے آگے سخت محنت کرنے کی ترغیب ملے گی،میں اور جیری اچھا کھیل رہے ہیں،ہم نے انڈیا سپر سریز میں دنیا کی 10ویں نمبر کی جوڑی کو شکست دی اور سنگاپور سپر سریز میں دنیا کی تیسرے نمبر کی جوڑی کو سخت چیلنج دیا۔فائنل میچ کے بارے میں پرنب نے کہا کہ یہ آسان میچ نہیں تھا اور ہمیں ٹوبی کے بارے میں پتہ تھا کیونکہ وہ ہمارے ساتھ پی بی ایل میں ایک ہی ٹیم میں تھا،ہمیں پتہ تھا کہ وہ کتنا اچھا کھیلتا ہے اور ہمیں اپنی تیاری پختہ کرنی پڑی۔ پوچھنے پر کہ وہ ایک ساتھ کس طرح کھیلنے لگے؟ پرنب نے کہا کہ یہ ہمارے کوچ کم تان ہیر کا فیصلہ تھا جنہوں نے ہمارے ساتھ کھیلنے کو کہا۔